پشاور زلمی اور ملتان سلطان پی ایس ایل کی ٹرافی جیتنے کے غرض سے میدان میں اترینگے

لاہور: پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن کا فائنل آج متحدہ عرب امارات کے شیخ زید کرکٹ سٹیڈیم ابوظہبی میں ملتان سلطانز اور پشار زلمی کے مابین کھیلا جا رہا ہے۔

ملتان سلطان کپتان محمد رضوان
شاہد آفریدی جیسے عظیم کھلاڑی کی کمی بہت محسوس کی، رضوان

 

ملتان سلطان کے کپتان محمد رضوان

ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے فائنل میں پشاور زلمی کے خلاف بھرپور پلاننگ کے ساتھ میدان میں اترنے کا اعلان کردیا۔

ورچوئل پریس کانفرنس میں ہنس مکھ اور دھیمے لہجے کے مالک وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے کہا کہ شاہد آفریدی جیسے عظیم کھلاڑی کی کمی بہت محسوس کی، وہ بہت بہادر اور ایک مثالی کھلاڑی ہیں، ان سے بہت کچھ سیکھنے کی کوشش کرتا ہوں، شاہد بھائی ہر میچ سے پہلے اپنی رائے دیتے ہیں، وہ گھر میں رہ کر بھی ہم سے الگ نہیں۔

ان کے مشورے ٹیم کے بہت کام آرہے ہیں ۔محمد رضوان نے کہا کہ میچز سے پہلے میٹنگ میں سب لڑکوں کو یہ ہی بولا تھا کہ چاہے سارے میچز ہار جائیں، کوئی پروا نہیں کرنی، اپنے نیچرل انداز سے کھیلنا ہے اور یہ بات بس دماغ میں رکھنی ہے کہ ہم چیمپئن بن سکتےہ یں اور اس بار کے چیمپئن ہم ہی ہیں۔

وکٹ کیپر بیٹسمین نے کہا کہ انہیں کراچی کنگز کی طرف سے کھیلنے کا موقع نہیں مل سکا، شاید مجھ میں ہی کوئی کمی رہ گئی ہوگی، کسی سے کوئی گلہ نہیں، ٹی وی پر مجھے ٹی ٹوئنٹی کا کھلاڑی قرار نہ دینے والوں سے بھی کوئی شکوہ نہیں، ملتان سلطانز میں آنے کے بعد یہ ایک بہت چیلنج تھا کہ جو توقعات وابستہ کی گئی ہیں۔کپتانی کے حوالے سے سوال پر ملتان سلطانز کے قائد نے کہا کہ اس کا کوئی شوق نہیں، اس بات پر یقین رکھتا ہوں کہ سب کچھ اللہ کی طرف سے ہوتا ہے اور وہ ہی مدد کرتا ہے، میں خود کو بڑا کھلاڑی اور کپتان نہیں سمجھتا، بلکہ ہر ایک سے سیکھنے کی کوشش کررہا ہوں۔

عثمان قادر کو زیادہ موقع نہ دینے پر رضوان نے واضح کیا ہےکہ ابوظہبی کی پچز پر دو لیگ اسپنرز کے ساتھ کھیلنا مشکل ہے،عثمان بہت باصلاحیت ہے لیکن ٹیم کمبی نیشن میں اس کو کھلانا ہمارےلیے زیادہ سود مند نہیں۔

محمد رضوان نے کہا کہ ٹیم اونر اور ٹیم مینجمنٹ نے ہر معاملےمیں بہت سپورٹ کیا ان کے شکرگزار ہیں۔

پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض
ایونٹ میں جتنا پریشر لینا تھا وہ لے چکے، وہاب ریاض

پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض

پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ ایونٹ میں جتنا پریشر لینا تھا وہ لے چکے اور اب فائنل میں بغیر کوئی پریشر کے کھیل کو انجوائے کریں گے۔

ابو ظہبی سے ورچوئل پریس کانفرنس میں تجربہ کار فاسٹ بولر نے کہا کہ میچ جیتیں یا ہاریں، انفرادی طور پر کس کو تعریف اور تنقید کا نشانہ نہیں بناتے، ہمیشہ ایک دوسرے کو سپورٹ کرتے ہیں، یہ ہی ہماری اب تک کی کامیابی کا راز رہا ہے۔ حیدر علی کو اب بھی میچ ونر قرار دیتا ہوں، بدقسمتی سے اس کی فارم اچھی نہیں چل رہی، ایسا وقت ہر کھلاڑی پر آتا ہے، ہم اس کو بھرپور سپورٹ کررہے ہیں۔

وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ ایونٹ میں جتنا پریشر لینا تھا وہ لے چکے اور اب فائنل میں بغیر کوئی پریشر کے کھیل کو انجوائے کریں گے۔ ملتان سلطانز کی ٹیم بہت خطرناک اور ہار جیت کھیل کا حصہ ہے لیکن جتنا میچ کو انجوائے کریں گے اتنا ہی جیتنے کا چانس زیادہ ہوگا۔

دو دن سے ٹھیک طرح سے سو نہیں پایا اس لیے فائنل کے حوالے سے کوئی خواب نہیں دیکھ سکا۔ ملتان سلطانز کی خوبیوں اور خامیوں کو دیکھ کر کھیلیں گے۔

ملتان سطانز کے صہیب مقصود اور شاہ نواز دھانی نے شاندار پرفارمنس دی ہے، دونوں کو پرفارم کرتے دیکھ کر بہت خوشی ہورہی ہے، فائنل میں ان دونوں پر ہی زیادہ پریشر ہوگا۔

زلمی کپتان نے ان فٹ محمد عرفان کے حوالے سے بتایاکہ ان کو گھٹنے میں تکلیف اور کریمپس تھے لیکن اب پہلےسے کافی بہتر اور امید ہےکہ وہ میچ کے لیے دستیاب ہوگا۔ زیزائی نے ہر میچ میں زبردست پرفارمنس دی ہے اور خواہش ہے کہ وہ فائنل میں بھی اچھی اننگز کھیلے۔

وہاب ریاض نے کہا کہ اتنا کھیلنے کے باوجود بھی ثابت کرنا پڑرہا ہے کہ سب سے بہتر ہوں، پاکستان کی دوبارہ نمائندگی کی تمنا ہے اور اس کے لیے بھرپور محنت کررہاہوں۔ وہ بطور کپتان ٹرافی اٹھائیں اس سے بڑا اعزاز کوئی نہیں ہوگا۔

پی ایس ایل میں ہمیشہ وکٹوں کی تعداد کے حوالےسے دوسرے نمبر پر رہا، دھانی کی 20 اور میری 18 وکٹیں ہیں، اس بار کوشش ہوگی کہ نمبرون پر فنش کروں، شعیب ملک مکمل پیکیج اور ٹی ٹوئنٹی کا اس وقت سب سے بہترین پلیئر ہے۔

شیئر کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں

براہ کرم ایڈ بلاکر کو غیر فعال کریں اور ہمارے ساتھ تعاون کریں.

 یا اس ویب سائٹ کو اپنے ایڈ بلاکر سے وائٹ لسٹ کریں. شکریہ

شیئر کریں
error: ڈیٹا کاپی رائٹ محفوظ ہے!