میئر لندن کا مقابلہ، پاکستانی نژاد صادق خان نے پھر سے کامیاب

لندن: پاکستانی نژاد صادق خان دوبارہ میئر لندن منتخب ہو گئے، صادق خان نے حکومتی جماعت کے شان بیلی کو شکست دی۔

صادق خان نے مجموعی طور پر 1,206,034 ووٹ حاصل کئے۔ جبکہ ان کے حریف کنزرویٹیو امیدوار شان بیلی 9,77,601 ووٹ حاصل کر سکے۔ صادق خان نے 55.2 فیصد جبکہ شان بیلی نے 44.8 فیصد ووٹ حاصل کیے۔

میئر لندن منتخب ہونے کے بعد صادق خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں ایک امیگرینٹ کا بیٹا اور ورکنگ کلاس سے ہوں۔صادق خان کا کہنا تھا کہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ مل جل کر رہیں، کورونا کو ہم سب مل کر شکست دے سکتے ہیں۔ وبا کے بعد کے لندن کے مستقبل کو روشن بنائیں گے۔ وعدہ ہے کہ مختلف قومیتوں کو قریب لاؤں گا۔انہوں نے کہا کہ میں اپنی اہلیہ سعدیہ اور خاندان کا شکر گزار ہوں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں میئر لندن صادق خان نے کہا ہے کہ شکریہ لندن، اس شہر کی خدمت میرے لیے فخر کی بات ہے۔ مزید تین سال اس شہر کی خدمت کرتا رہوں گا۔

انہوں نے کہا کہ میں اپنے شہر کی بہتری کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑوں گا۔روشن مستقبل ممکن ہے، اور یہ ہم سب مل کر فراہم کریں گے۔

صادق خان نے ونزورتھ کونسل میں 1994 سے 2006 تک بطور کونسلر خدمات سرانجام دیں جبکہ صادق خان 2005 میں لیبر پارٹی کے ٹکٹ پر پارلیمنٹ کے رکن منتخب ہوئے اور پہلی مرتبہ 2016 میں لندن کے مئیر منتخب ہوئے تھے۔

صادق خان کے والدین 1968 میں پاکستان سے برطانیہ آئے تھے، صادق خان کے والد لندن میں بس ڈرائیور تھے۔

واضح رہے کہ گزشتہ انتخابات میں صادق خان نے 1,310,143 جبکہ زیک گولڈ اسمتھ نے 994,614 ووٹ حاصل کیے تھے۔ 2016 میں صادق خان نے 56.8 جبکہ مدمقابل زیک گولڈ اسمتھ نے 43.2 فیصد ووٹ حاصل کیے تھے۔

شیئر کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں

براہ کرم ایڈ بلاکر کو غیر فعال کریں اور ہمارے ساتھ تعاون کریں.

 یا اس ویب سائٹ کو اپنے ایڈ بلاکر سے وائٹ لسٹ کریں. شکریہ

شیئر کریں
error: ڈیٹا کاپی رائٹ محفوظ ہے!