دورہ پاکستان کی منسوخی پر ہمیں اندھیرے میں رکھا گیا، برطانوی کھلاڑیوں کادعویٰ

لاہور: برطانوی کھلاڑیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ دورہ پاکستان کی منسوخی میں ان کا کوئی کردار نہیں، برطانوی بورڈ نے اس فیصلے سے متعلق انہیں اندھیرے میں رکھا۔

برطانوی اخبار کے مطابق انگلش پلیئرزایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ دورہ پاکستان کی منسوخی میں کھلاڑیوں کا کوئی کردار نہیں ہے، ان سے تو یہ بھی نہیں پوچھا گیا کہ کیا آپ سفرکریں گے، انگلش پلیئرزایسوسی ایشن کا مزید کہنا تھا کہ انہیں تو دورہ منسوخ کرنے کے بعد بتایا گیا، یونین نے ان دعوؤں کی بھی تردید کی ہے کہ فیصلے کے پیچھے برطانوی کھلاڑی تھے۔

دوسری جانب نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے دورے منسوخ ہونے پر قومی کھلاڑیوں نے بھی دکھ کا اظہار کیا ہے، وسیم اکرم نے کہا کہ قوم اب ہر سطح پر اپنی ٹیم کو سپورٹ کرے۔ معین خان نے کہا کہ دونوں ٹیموں کا دورہ پاکستان ملتوی کرنا افسوسناک ہے۔ راشد لطیف نے کہا کہ پاکستان کھیلوں کیلئے محفوظ ملک ہے، پی سی بی کو نیوزی لینڈ سے دوبارہ رابطہ کرنا چاہیے۔

قبل ازیں انگلش کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان کی منسوخی پر بیان جاری کیا تھا کہ ہم نے ہچکچاہٹ کے ساتھ انگلینڈ کی مرد و خواتین ٹیموں کے دورے سے دستبرداری کا فیصلہ کیا ہے۔ برطانوی بورڈ نے کہا تھا کہ ہمارے کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف کی ذہنی اور جسمانی صحت کی نگہداشت ہماری اولین ترجیح ہے اور ہم جن موجودہ حالات سے گزررہے ہیں اس میں یہ مزید اہمیت اختیار کر جاتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا سفر کرنے کے حوالے سے بھی کچھ تحفظات ہیں اور ہمارا ماننا ہے کہ اگر ہم یہ دورہ جاری رکھتے ہیں تو اس سے ہمارے کھلاڑیوں پر دباؤ بڑھے گا جو پہلے کووڈ-19 کے پابندیوں کے ماحول سے نمٹنے کی کوششوں میں مصروف ہیں، بیان میں مزید کہا گیا کہ ہمارے مردوں کے ٹی20 اسکواڈ کے حوالے سے مزید پیچیدہ صورتحال ہے، ہمارا ماننا ہے کہ ان حالات میں پاکستان کا دورہ کرنا ٹی20 ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں مناسب نہیں جہاں اس ایونٹ میں بہترین کارکردگی دکھانا ہماری اولین ترجیح ہے۔

انگلش کرکٹ بورڈ نے تسلیم کیا کہ یہ فیصلہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے لیے مایوس کن ہو گا جو ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے لیے مستقل انتھک کوششوں میں مصروف ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes
شیئر کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں

براہ کرم ایڈ بلاکر کو غیر فعال کریں اور ہمارے ساتھ تعاون کریں.

 یا اس ویب سائٹ کو اپنے ایڈ بلاکر سے وائٹ لسٹ کریں. شکریہ
error: ڈیٹا کاپی رائٹ محفوظ ہے!